رانچی،16/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)سوشل میڈیا پر ’جسٹس فار عائشہ‘ مہم تیز ہوگئی ہے۔ لوگوں نے ممبئی پولیس سے عائشہ کو تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔# جسٹس فار عائشہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔
خیال کیاجاتا ہے کہ اس ٹریڈ کو ٹاپ ٹرینڈکرانے میں بی جے پی آئی ٹی سیل کا مبینہ طورپر ہاتھ ہے۔ اس ہیش ٹیگ کے تحت چار صفحات پر مشتمل ایک خط بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ خط میں عائشہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کیخلاف ممبئی کے باندرا تھانہ میں مختلف الزامات عائد کر تی ہے۔لوگ سوشل میڈیا پر لکھ رہے ہیں کہ ہیمنت سورین اس وقت کسی ریاست(جھارکھنڈ) کے وزیر اعلیٰ ہیں، ان کے پاس طاقت ہے۔
وہ اس کیس کو ختم کرنے کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ ایک مہینہ قبل جھارکھنڈ میں اسی موضوع پر سیاست گرم تھی۔ گڈا کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے سوشل میڈیا کے ذریعے سی ایم ہیمنت سورین پر مختلف الزامات عائد کیے تھے۔
بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے چیف منسٹر ہیمنت سورین پر الزام لگایا کہ وہ جھارکھنڈ کے ڈی جی پی ایم وی راؤ اور مافیا کے ساتھ مل کر عصمت دری کا الزام لگانے والی لڑکی کا قتل کرسکتے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے ایک اور ٹویٹ میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور شرد پوار کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ بیٹی کی زندگی خطرے میں ہے۔ طاقت، پیسہ، پولیس، غنڈے، مافیا مل کر ممبئی میں اس کا قتل کرسکتے ہیں۔